سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا بڑا فیصلہ آرہا ہے، وہ عمران خان کےخلاف توہین عدالت لگا رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے پیمرا سے آڈیو ویڈیوز منگوالیے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا کہ عمران خان کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کارروائی کر رہے ہیں۔
کنور دلشاد نے کہا کہ سننے میں آرہا ہے عمران خان ممنوعہ فنڈنگ کیس پر پریشان ہیں، مشیروں نے عمران خان کو دو طرح کی خبریں دی ہیں، ایک گروپ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں، انور منصور نے انہیں بریف کیا وہ ممنوعہ فنڈنگ کیس ضبط کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی توجہ ہے الیکشن کمیشن ایسا فیصلہ نہ کرلے جس سے ان پر اور پارٹی پر حرف آئے، ممنوعہ فنڈنگ کیس میں یہ ساڑھے چار سال التوا لیتے رہے، پھر اسکروٹنی کمیٹی آئی۔
کنور دلشاد نے کہا کہ چند روز میں عمران خان کے خلاف ایک بہت بڑا توہین عدالت کا کیس آرہا ہے، الیکشن کمشنر آرٹیکل 204 ، الیکشن ایکٹ 217 شق 10 کے تحت کارروائی کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن اس بارے میں چارج شیٹ بھی کرنے والا ہے، ممنوعہ فنڈنگ کیس بھی ساتھ چلے گا لیکن ان کےخلاف اہم کیس توہین عدالت کاچل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان وزیر اعظم تھے کیس اس وقت بھی چل رہا تھا، درمیان میں ممبران نے کہا معاملہ درگزر کر دیتے ہیں، اس وقت ممبران نے کہا شاید عمران خان کو خود احساس ہوجائے، اب بات زیادہ آگے چلی گئی ہے بغاوت اختیار کر چکے ہیں، اب تو حد سے زیادہ معاملہ ہوگیا، اب الیکشن کمیشن ممبران کہتے ہیں ہماری رٹ کا سوال ہے، ہماری ساکھ ختم ہو رہی ہے ایکشن لینا ہی لینا ہے، الیکشن کمیشن کے پاس سپریم کورٹ کے برابر اختیارات ہیں۔
کنور دلشاد نے کہا کہ اب وہ پوچھیں گے آپ نےکہا چیف الیکشن کمشنر مریم نواز کے قدموں میں بیٹھے رہتے ہیں وہ ویڈیو، آڈیو دے دیں، جب یہ آڈیو ویڈیو نہیں دیں گے اس پر الیکشن کمیشن سخت قدم اٹھائے گا۔
Comments are closed.