بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دے، ہمیں اس پر کوئی اعتماد نہیں ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں ہروانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دے، ہمیں اس پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔

اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے کرنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، اب قوم جاگ چکی ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو اب ہر جگہ شکست ہو گی، صرف ایک ہی راستہ ہے، صاف اور شفاف الیکشن، اس الیکشن کمشنر کے نیچے صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہو سکتا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کردیا ہے۔

 عمران خان  نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر غیر جانبدار آدمی نہیں، ان کو نہیں مانتے، ایک مرتبہ ملک میں سیاسی استحکام آجائے تو ملک ترقی کی راہ پر چل پڑے گا، ملک میں سیاسی استحکام صاف اور شفاف الیکشن کے بغیر نہیں آئے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس الیکشن کمیشن نے سارے فیصلے ہمارے خلاف کیے، سندھ کا صوبائی الیکشن کمشنر سندھ حکومت کا نوکر ہے، اس الیکشن کمشنر نے ہمیں ہروانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا، تمام رکاوٹوں اور ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجود ہم نے پنجاب کا الیکشن جیتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 9 اپریل کو صرف اپنی ڈائری ہاتھ میں پکڑ کر وزیر اعظم ہاؤس سے نکلا، 25 مئی کو ساری قوم موجودہ حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکلی، یہ حکمران قوم کو انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، انہوں نے لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کی لیکن پھر بھی قوم الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت خراب ہونے کی وجہ سیاسی بحران ہے، اگر ہم نے سبق نہ سیکھا کہ جب تک سیاسی بحران ختم نہیں ہو گا تب تک معیشت اور نیچے جائے گی اور معاشی حالات اتنے خراب ہو جائیں گے کہ ہاتھ سے سب کچھ نکل جائے گا، صرف ایک ہی راستہ ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن کروایا جائے، جیسا الیکشن انہوں نے پنجاب میں کروایا ہے اگر آئندہ بھی ایسے ہی الیکشن ہونے ہیں تو اس سے بحران بڑھے گا، چیف الیکشن کمشنر نے جو بد دیانتی کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

 عمران خان  نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کو جتوانے کی پوری پوری کوشش کی، ہم 8 کیسز لے کر الیکشن کمیشن میں گئے لیکن انہوں نے ہماری درخواستیں رد کردیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آج میرے ملک کے لیے خوش آئند وقت ہے، جب قوم میں شعور آجاتا ہے اور وہ بیدار ہو جاتی ہے تو اس سے زیادہ ہم خدا کا شکر ادا نہیں کر سکتے۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کےخلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا ہے۔

عمران خان  نے کہا کہ جب ایک بیرونی سازش کے تحت ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی تو لوگوں نے کہا کہ امریکہ کی غلامی کو قبول نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ہم ایک قوم بن جائیں گے تو ہمارے سارے مسائل حل ہو جائیں گے، یہ لوگوں کو کہتے ہیں کہ پاکستان پر مرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ان کا سب کچھ ملک سے باہر ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کے لیے مصنوعی سیاسی بحران پیدا کیا گیا، ہمارے آخری دو سالوں میں معاشی طور پر ملک اوپر گیا، ہماری حکومت میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ اور زراعت نے بے پناہ ترقی کی، جب ملک صحیح طرف جا رہا تھا تو ہمارے خلاف سازش کی گئی، ہماری حکومت میں ساری چیزیں مثبت سمت میں جا رہی تھیں۔

عمران خان  نے کہا کہ جب ہماری حکومت گرائی جا رہی تھی اس وقت میں نے اور شوکت ترین نے بتایا کہ سیاسی بحران آیا تو معیشت سنبھل نہیں پائے گی، جو لوگ حکومت گرانے کو روک سکتے تھے انہیں بتایا تھا کہ ملک کی معیشت کو نقصان ہوگا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ صرف اپنے کرپشن کے کیسز معاف کروانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں۔

عمران خان  نے کہا کہ جس طرح کل لوگ نکلے یہ انقلاب سے کم نہیں، یہ ایک نیا پاکستان بننے جا رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.