جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

چیف الیکشن کمشنر اپنے ارکان کے اثاثے چیک کرائیں، خالد مقبول صدیقی

پارٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور ایک سیاسی جماعت کے حلف یافتہ کارکن نظر آتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اپنے ارکان کے اثاثے چیک کرائیں، تشویشناک باتیں سامنے آرہی ہیں، انتخابات سے پہلے ایسا ماحول نہ بنائیں کہ انتخابات مشکوک ہوجائیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کل کراچی کے ضلع شرقی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے گلشن اقبال میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ 

میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کا کردار آنے والے الیکشن کو مشکوک بنا رہا ہے لیکن کراچی کے لوگ عوامی مینڈیٹ کو ردی میں ڈالنے کی پالیسی کو مسترد کر دیں گے۔ 

سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ شفاف الیکشن کے لئے پیپلز پارٹی، صوبائی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کو لگام دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر ہمارا اعتماد اب متزلزل ہو رہا ہے۔ حلقہ بندیوں سے متعلق ہمارے اعتراضات پر شنوائی نہیں ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی کے اعتراضات پر عمل کر لیا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے رکن الیکشن کمیشن نثار درانی اور صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز چوہان پر بھی جانبداری کے الزامات لگائے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جب تک کراچی کے حقیقی وارثوں کو اختیارات نہیں ملیں گے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.