27ویں چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کے دوسرے روز احمد بیگ نمبر ون پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے، وہ پہلے دن مطلوب احمد کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر تھے۔
کراچی گالف کلب میں چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کے دوسرے روز پروفیشنلز گالفرز کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوئے، گذشتہ ہفتے پاکستان اوپن کا ٹائٹل جیتنے والے احمد بیگ جو پہلے روز چار انڈر پار کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر تھے اب دوسری پوزیشن پر چلے گئے۔
احمد بیگ دوسرے روز زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکے اور دو انڈر پار کے ساتھ دوسرے راونڈ میں 70 کا اسکور بناسکے، ان کا مجموعی اسکور 138 ہے۔
مطلوب احمد اب پہلے نمبر پر آگئے ہیں، اُنہوں نے دوسرے راؤنڈ میں تین انڈر پار کے ساتھ 69 کا اسکور بنایا، اُن کا مجموعی اسکور 137 ہے۔
محمد اشفاق اور شہزاد 139 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں، پہلے روز دسویں نمبر پر رہنے والے محمد شبیر نے دوسرے روز کم بیک کیا اور چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ محمد شبیر نےدوسرے راؤنڈ میں دو انڈر پار 70 کا اسکور بنایا۔
جمعہ کو چیمپئن شپ کے لیڈیز، جونیئر اور ویٹرنز کیٹیگری کے مقابلے بھی شروع ہوں گے، چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک کروڑ 11 لاکھ روپے ہے۔
Comments are closed.