اٹک جیل میں قید چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وکلا کی ملاقات کروا دی گئی، جس میں پاور آف اٹارنی اور وکالت نامہ پر دستخط کر دیے گئے۔
نعیم حیدر پنجوتھا ایڈووکیٹ نے جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا انہیں کلاس سی میں رکھا ہوا ہے اور چھوٹا سا کمرہ دیا گیا ہے، جس میں اوپن واش روم ہے۔
نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ استدعا کرتے رہے ہماری ملاقات 9 بجے کروائی جائے، توشہ خانہ کیس کو ہم نے چیلنج کرنا تھا، ساڑھے 12بجے جیل میں جانے کی اجازت دی گئی۔
وکیل نے کہا کہ مجھے سرکاری گاڑی میں اندر لے جایا گیا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی موجودگی میں ایک گھنٹہ 45 ملاقات جاری رہی۔
نعیم حیدر پنجوتھا نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو دیے گئے کمرے میں دن کو مکھیاں اور رات کو کیڑے ہوتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں ساری زندگی بھی جیل میں گزارنی پڑی تو گزاریں گے۔
وکیل نے نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ان کے گھر پر تیسرا حملہ کیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کے کمرے کا دروازہ توڑنے کی کوشش کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ انہیں پولیس نے وارنٹ گرفتاری نہیں دکھائے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں بشریٰ بیگم سے ملنے کی اجازت دی جائے۔
وکیل نعیم حیدر نے کہا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے وکالت نامے پر دستخط کروادیے ہیں کل پٹیشن دائر کریں گے۔
Comments are closed.