توشہ خانہ کیس کے مدعی اور ن لیگی رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کی سزا معطل ہوئی ہے لیکن نااہلی برقرار ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بیرسٹر محسن شاہنواز، عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر خان اور نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ربیعہ باجوہ نے گفتگو کی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وہ چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف سائفر کیس لڑیں گے اور اس سلسلے میں عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی سزا معطل ہوئی ہے مگر ابھی ان کی نااہلی برقرار ہے، کیس کا دوبارہ ٹرائل ہوگا۔
محسن شاہنواز رانجھا نے یہ بھی کہا کہ عدالت سے رجوع کرنا ان کا حق ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے روز سے معلوم تھا کہ کیس اوپن اینڈشٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف سب کےلیے برابر ہونا چاہیے، ایک پارٹی کے سربراہ کو تاحیات نااہل کردیا گیا، الیکشن آئین کے مطابق ہونا چاہیے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پہلے بھی کہتا تھا آج بھی کہتا ہوں کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالیں، نواز شریف اکتوبر میں ضرور آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کے معاملے پر میں ذاتی طور پر چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس بھیج چکا ہوں، انہوں نے اس حوالے سے بہت بڑا جھوٹ بولا، جس کی معافی نہیں۔
Comments are closed.