ہفتہ 10؍محرم الحرام 1445ھ29؍جولائی 2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سربراہ جے آئی ٹی کو دھمکانے کا روزنامچہ درج

لاہور میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین پر پیشی کے دوران جے آئی ٹی کے سربراہ اور ممبران کو دھمکانے کا روزنامچہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق روزنامچہ انچارج انویسٹی گیشن قلعہ گجر سنگھ محمد سرور کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

روزنامچے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو تھانہ سرور روڈ میں تفتیش کے لیے بلایا گیا تھا جہاں انہوں نے جے آئی ٹی کے سربراہ اور دیگر ممبران کو دھمکایا۔

اس معاملے سے متعلق روزنامچے میں درج کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے انگلی سے اشارہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ آپ سب سن لیں آپ نے نہیں رہنا، اگلی حکومت پی ٹی آئی کی آنی ہے۔

روزنامچے کے مطابق ملزم کا یہ عمل قانون اور ضابطے کی خلاف ورزی ہے، تفتیش کے دوران کسی بھی ملزم کا افسر کو ڈرانا آزادانہ اور غیر جانبدار تفتیش کو روکنا ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ کی حدود میں جے آئی ٹی کے سربراہ اور ممبران کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.