اٹک جیل میں قید چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی کور کمیٹی کے فیصلوں کو اپنی منظوری سے مشروط کردیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے جیل میں ملاقات کیلئے آنے والے اپنے وکیل اور مشیر برائے قانونی امور نعیم حیدر پنجوتھا سے کہا کہ پارٹی کور کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے اسے میرے وکلاء کے ذریعے مجھ تک پہنچایا جائے، میں چیئرمین ہوں، فیصلہ میں کروں گا۔
جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہ زیب خانزادہ کےساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم پنجوتھا نے کہا کہ ایک گھنٹے کے انتظار کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی، آج ہمارا وقت ضائع کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ جیل میں کیڑے ہوتے ہیں، مکھیاں ہوتی ہیں۔
نعیم پنجوتھا نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ نماز پڑھنے کیلئے جائے نماز بچھانے کی بھی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا کہ میں آزادی کی جنگ لڑ رہا ہوں، اس طرح سے انہیں نہیں توڑا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نہیں پتا تھا کہ ہم نے ہائیکورٹ میں درخواست دی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار بھی نہیں کہا مجھے کب باہر لے کر جاؤ گے، کب ضمانت ہوگی۔
نعیم پنجوتھا نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پوچھا کہ لوگ کیسے ہیں، گرفتاریوں پر کیا صورتحال ہے، ورکرز کا کیا حال ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ورکرز کو چھڑوانے کیلئے کام کریں۔
Comments are closed.