جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی مبینہ غیر شرعی نکاح کیس، سماعت میں ایک بار پھر وقفہ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت میں ایک بار پھر وقفہ کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی۔

وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی لاہور ہیں وہ عدالت پیش نہیں ہوسکتیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں ہیں، بشریٰ بی بی تو جیل میں نہیں ہیں۔ 

 وکیل عثمان گل نے کہا کہ اگلی سماعت پر بشریٰ بی بی پیش ہو جائیں گی، ضمانتی مچلکے تیار ہیں مگر دستخط نہیں ہوسکے، 2 سے 3 بجے کا وقت رکھ لیں کوشش کر لیتے ہیں، بشریٰ بی بی پیش ہو جائیں۔

عدالت نے کہا کہ بشریٰ بی بی واقعی میں بیمار ہیں تو میڈیکل لگا دیں درخواست کے ساتھ، جیل سے  سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق رپورٹ آ جائے تو دیکھ لیتے ہیں۔ 

وکیل عثمان گل نے کہا کہ رپورٹ جو آنی وہ آپ کو بھی پتہ ہمیں بھی پتہ۔

جج قدرت اللّٰہ نے وکیل عثمان گل سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ مجھے نہیں پتہ آپ بتا دیں کیا رپورٹ آنی ہے، کوشش کریں صرف اسی کیس سے متعلق بات کریں عدالت میں۔

وکیل عثمان گل نے استدعا کی کہ لاہور سے آنا ہوتا ہے تاریخ لمبی دے دیا کریں۔

عدالت نے کہا کہ  کچھ عرصے تک اسلام آباد میں کرایے پر گھر لے لیں۔ 

وکیل عثمان گل نے استدعا کی کہ چھٹیوں کے بعد سماعت رکھ لیں۔

 عدالت نے کہا کہ چھٹیوں سے پہلے ایک سماعت رکھیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ تاحال جمع نہ ہو سکی۔

عدالت نے کیس کی سماعت میں ایک بار پھر وقفہ کر دیا۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل کی آمد تک وقفہ کرنے کی استدعا کر دی گئی تھی۔

درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ ایک اور کیس کے سلسلے میں ہائی کورٹ میں ہیں۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا جائے، رضوان عباسی 11 بجے تک کورٹ میں پیش ہو جائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.