منگل23؍ذیقعد 1444ھ13؍جون2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی اپنے الزامات کے ثبوت فراہم نہ کرسکے، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم کرچکے اُن کے پاس اپنے قتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ اور ایک انٹیلی جنس افسر پر قتل کی سازش کا الزام لگایا، لیکن وہ اپنے الزامات کے ثبوت فراہم نہیں کرسکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے بیانات بے بنیاد ہیں اور ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تھانا رمنا اسلام آباد میں درج مقدمے میں شاملِ تفتیش ہوئے، جے آئی ٹی نے ویڈیو اُن کو دکھائی، چیئرمین پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ اُن کی ہی آواز ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کسی جگہ نہیں کہا کہ یہ میری آڈیو یا وڈیو نہیں ہے، الزامات لگانے اور جھوٹ بولنے میں چیئرمین پی ٹی آئی کوئی مثال نہیں رکھتے، چیئرمین پی ٹی آئی کا سارا بیان ضبط تحریر میں لایا گیا جس پر انہوں نے دستخط کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملک میں سرکشی اور بغاوت کی تیاری کررہے تھے، انہوں نے نوجوان نسل کو گمراہ کیا اور اُن کے ذہنوں میں زہر انجیکٹ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ملک میں ٹائیگر فورس کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی قبضہ کرنے کی کوشش کررہے تھے، باقاعدہ ایک سال سے غلیل فورس اور پیٹرول بم کی تیاری کی جارہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس بنانے کےلیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا، اس فورس پر کورونا فنڈز خرچ کیے گئے، حیران کن قسم کے اعداد و شمار سامنے آئیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ دوران تفتیش سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہیں قتل کی سازش کا کسی نے بتایا تھا، حکومت اور عسکری قیادت کی طرف سے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ قانون اپنا راستہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں کے ملزموں کے خلاف آڈیو وڈیو ثبوت اور اعترافی بیانات موجود ہیں، اس فتنے نے 9 مئی کو اپنے عمل سے اپنی شناخت کرائی، جلد انجام کو پہنچے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام اپنے شہداء، ان کے اہل خانہ اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، ان لوگوں کےخلاف قانون پوری طرح سے حرکت میں ہے، 9 مئی کے ذمے داروں کو کم یا زیادہ سزا ضرور ملے گی، یہ فتنہ اب اپنے انجام کو پہنچے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ انہوں نے پروپیگنڈا کیا کہ خواتین سے جیلوں میں بدسلوکی کی جارہی ہے، یہ پاکستان کی سیاست کا ایک ناسور تھا جو ملک کی رگ و پے میں سرایت کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف زرداری تمام معاملات میں افہام و تفہیم کے قائل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.