چیئرمین نیشنل پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) توصیف ایچ فاروقی نے کراچی کے شہریوں کو بجلی سستی ہونے کی خوش خبری سنا دی۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرِ صدارت کے الیکٹرک کی اگست کے فیول چارجز کی ایڈجسٹمنٹ کی سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت چیئرمین نیپرا نے بتایا کہ کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے سستی ہو گی، جس سے انہیں 8 ارب 87 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
سماعت کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کے الیکٹرک نے نیپرا سے فی یونٹ بجلی 4 روپے 21 پیسے سستی کرنے کی درخواست دی ہے۔
ممبر نیپرا کے پی انجینئر مقصود انور نے بتایا کہ کے الیکٹرک اپنی بجلی مہنگی بنا رہا ہے جبکہ یہ نیشنل گرڈ سے سستی بجلی لیتا ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک نیشنل گرڈ سے بجلی 13 روپے 61 پیسے فی یونٹ میں لے رہا ہے، جبکہ اپنی بجلی 37 روپے سے زیادہ میں بنا رہا ہے، ایسے کیسے بجلی سستی ہو گی؟ کے الیکٹرک نیشنل گرڈ کے مقابلے میں 24 روپے فی یونٹ مہنگی بجلی بنا رہا ہے۔
ممبر نیپرا کے پی نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنی بجلی بنانے کی قیمت کم کرتا تو صارف کو 6 روپے فی یونٹ ریلیف ملتا۔
چیئرمین نیپرا نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک سستی بجلی کی پیداوار کے لیے اقدامات کرے۔
نیپرا کے حکام نے بتایا کہ اگست کی ایڈجسٹمنٹ میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی ہو گی۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہم کراچی کے صارفین کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری لگائیں گے۔
کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ ون میں خرابی آئی ہوئی ہے، جس دور کرنے کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی نیپرا میں کے الیکٹرک کی اگست کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی سماعت مکمل ہو گئی۔
Comments are closed.