پاکستان کی بیڈمنٹن اسٹار پلوشہ بشیر نے کہا ہے کہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ چھوٹے سیٹ بیک بڑے کم بیک کے لیے ہوتے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ بشیر نے کہا کہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں حصہ نہ لینے کا افسوس ہے، مکمل فٹنس کے لیے ابھی ری ہیب مکمل کرنا ہے۔
پلوشہ بشیر نے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ برس ملکی سطح پر ہونے والے تمام ایونٹس میں شرکت اور فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ مکسڈ ڈبلز میں کامیابی بھی حاصل کی لیکن رواں برس ایسا ممکن نہیں ہوسکا کیونکہ میں پنڈلی کی انجری سے مکمل چھٹکارا نہیں پا سکی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس میں ویمن سنگلز، ویمن ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں تھی۔
پلوشہ بشیر نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ اس مرتبہ میرے لیے مزید بہتر ہوگا لیکن اس وقت میں اچھی پوزیشن میں نہیں ہوں، اپنی ریکوری کے لیے کام شروع کر رکھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے خود کو متحرک رکھا ہوا ہے، اس کھیل سے مجھے بہت لگاؤ ہے، مداحوں سے درخواست ہے کہ میرے لیے دعا کریں تاکہ میں جلد واپس ایکشن میں آوں۔
Comments are closed.