قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھوٹی عمر میں منگنی سے متعلق سوال پر دلچسپ جواب دیا ہے۔
حال ہی میں کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے جیو نیوز کے شو ’ایک دن جیو کے ساتھ‘ میں معروف صحافی سہیل وڑائچ کو انٹرویو دیا ہے۔
اس انٹرویو میں انہوں نے اپنی شادی، ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق متعدد سوالوں کے جوابات دیے ہیں۔
سہیل وڑائچ کی جانب سے پوچھے گئے چھوٹی عمر میں منگنی سے متعلق سوال کے جواب میں شاہین شاہ آفریدی نے شرماتے ہوئے جواب دیا کہ ’میرا جو دل ہے وہ مجھے مل گیا ہے‘۔
شاہین آفریدی نے اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ ’میرے خیال سے شاہد آفریدی کی بیٹی سے منگنی میری ہی خواہش تھی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی ہونے والی اہلیہ (شاہد آفردی کی بیٹی اقصیٰ) سے مل چکے ہیں اور آگے بھی ملیں گے۔
شاہین آفریدی کا شادی سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ ’صحیح وقت آنے پر شادی کر لوں گا، ابھی کرکٹ پر فوکس ہے اور منگیتر بھی پڑھ رہی ہیں‘۔
شاہین آفریدی نے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ ’انہوں نے اپنے بڑے بھائی ریاض آفریدی کو دیکھ کر کرکٹ کھیلنا شروع کی اور ان کی قسمت اچھی تھی کہ انہیں قومی ٹیم میں کھیلنے کا موقع مل گیا‘۔
شاہین آفریدی نے یہ بھی بتایا کہ وہ گاڑیوں کا بہت شوق رکھتے ہیں اور اب تک وہ متعدد قیمتی گاڑیاں خرید چکے ہیں۔
Comments are closed.