جمعرات 3؍رجب المرجب 1444ھ26؍جنوری 2023ء

چھوٹا چور جیل میں، بڑا اقتدار پر بیٹھا ہے: فیصل جاوید

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ چھوٹا چور جیل میں ہے، جبکہ بڑا چور اقتدار پر بیٹھا ہے۔

سینیٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ جو عام آدمی کے لیے قانون ہے وہ سب کے لے ہو گا، یہ سارے چور عمران خان کو گرانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، عمران خان ان کو این آر او نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج بھی ریکارڈ پر ہے کہ انہوں نے اداروں کے بارے میں کیا بات کی، فواد چوہدری نے جو کہا وہ ایک فیصد بھی وہ بات نہیں، جو پی ڈی ایم کے لوگوں نے کی تھی۔

فیصل جاوید نے کہا کہ کل فواد چوہدری کے ہاتھ پر ہتھکڑی لگی اور چہرے پر کپڑے ڈال کر لایا گیا، کیا وہ دہشت گرد ہیں، عمران خان حق اور انصاف کی بات کرتے ہیں، کیا یہ غلط ہے؟ کیا عمران خان دہشت گرد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ایک سوال بنتا ہے کہ الیکشن کا شیڈول کہاں ہے؟ اگر الیکشن 90 دن کے اندر نہ ہوئے تو آئین شکنی ہو گی، کے پی اور پنجاب کا فوری الیکشن شیڈول دیا جائے، اس کے لیے ہمیں کورٹ جانا پڑا تو جائیں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پنجاب اور کے پی میں پی ڈی ایم کا سیٹ اپ بن رہا ہے، کہا گیا کہ پارلیمنٹ میں شارٹ سرکٹ ہوا، یہ کیوں ہوا؟ تین دن کے لیے پارلیمنٹ کو بند کیا گیا۔

سینیٹ میں پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے بھارت سے متعلق سوال کیا جس کا وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے جامع اور مفصل جواب دیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان سے ڈر کر شارٹ سرکٹ کا بہانہ کیا گیا، اسپیکر نے جان بوجھ کر شارٹ سرکٹ کا بہانا کیا، انہیں ڈر تھا کہ عمران خان پھر ایوان میں آ جائیں گے اور اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے۔

تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ اسپیکر کی وجہ سے ہمارا ایوان نہیں چلا تو یہ اس ایوان کی توہین ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.