جمعہ30؍محرم الحرام 1445ھ18؍اگست 2023ء

چچا کا کیس لڑنے کیلئے بچے نے فیس میں مرغا دے دیا

لاہور میں غریب بچے نے اپنے چچا کا کیس لڑنے کیلئے وکیل کو فیس میں مرغا دے دیا۔ ایان کے چچا محسن عباس کو پتوکی پولیس نے 9 مئی کے واقعات کے الزام میں اٹھایا تھا۔

پتوکی کے رہائشی غریب بچے نے چچا کی رہائی کے لیے اپنا پالتو مرغا ہی بطور فیس وکیل کو دے دیا، بچہ مرغا دیتے ہوئے اسے چومتا اور روتا رہا جس سے وکیل کا دل بھر آیا۔

کمسن ایان کو اس کے چچا محسن عباس نے ہی پالا پوسا۔ فیملی کے مطابق بچے کا چچا محسن عباس پتوکی میں چائے کے ایک ہوٹل پر کام کرتا ہے، پولیس نے بغیر وجہ بتائے اسے حراست میں لے لیا اور رہائی کے لیے 25 ہزار روپے رشوت لے لی، مگر اس کے باوجود پتوکی پولیس نے اسے لاہور پولیس کے حوالے کر دیا۔ لاہور پولیس نے اس کی 9 مئی کے واقعات میں گرفتاری ڈال دی۔

 بچہ چچا کی جدائی برداشت نہ کر سکا، وکیل کو دینے کیلئے فیس نہ تھی وہ اپنا پالتو مرغا ہی اٹھا لایا اور اسےچوم چوم کر روتے ہوئے بطور فیس وکیل کے حوالے کر دیا۔

وکیل نے الزام لگایا کہ پتوکی پولیس نے رشوت لینے کے باوجود بچے کے چچا کو 9 مئی کے واقعات میں لاہور پولیس کے حوالے کر دیا۔

وکیل کا کہنا ہے کہ محسن کی ضمانت کے کاغذات تیار کر رہے ہیں، جلد کیس فائل کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.