پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار رجوع کریں گے تو ان سے متعلق پارٹی فیصلہ کرے گی، تاہم اگر وہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی سیاست بہتر ہے تو وہ ان سے رجوع کرسکتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کا اختیار ہے کہ وہ وزیر کا فیصلہ نہ مانے، ہر وزیر کی ہر بات نہیں مانی جاتی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو آئین کی بات کر رہی ہے، باقی جماعتیں پرانی باتیں کر رہی ہیں کہ ڈیل کرلو۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کی بات کیوں نہیں کرتی، ووٹ چوری کی بات کیوں نہیں کرتی، اگر سیاستدان سودے کر کے آتے رہے تو پاکستان آگے نہیں جائے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے نیک نیتی سے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا، جب لانگ مارچ کا وقت آیا تو پیپلز پارٹی نے بہانے سے کام لیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی استعفا نہیں دینا چاہتی تھی تو بتادیتی، پیپلز پارٹی کے لیے دروازے بند نہیں کیے، ہم نے کہا کہ اعتماد بحال کریں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اعتماد توڑا، دروازے بند کیے، تاہم اب یہ اعتماد بحال کرے اور شامل ہوجائے۔
Comments are closed.