وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کے اراکین ضلعی اجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں وہ سب وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان دیگر اتحادیوں سے بھی ملیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کچھ روز میں وزیراعظم اور متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نے امین الحق کی موجودگی میں کہا تھا وہ بہادر آباد جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے ملاقات کے لیے بھی جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں حکومتی اتحادی چوہدری برادران کے ساتھ ملاقات ہوئی تھی جو 30 منٹ سے زائد تک جاری رہی تھی۔
Comments are closed.