نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چولستان کے 27 ہزار کاشت کاروں کو 3 لاکھ 44 ہزار ایکڑ اراضی الاٹ کر دی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے بتایا ہے کہ چولستان کے کاشت کاروں کو ساڑھے 12 ایکڑ فی کس اراضی 5 سال کی لیز پر دی جائے گی۔
چولستان کے کاشت کاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا آغاز کر دیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ رحیم یارخان، بہاولنگر اور بہاولپور کے غریب کاشت کاروں کو 45 سال بعد ان کا حق ملا، جلد ہی چولستان آ کر قرعہ اندازی میں کامیاب کاشت کاروں کو الاٹمنٹ کے کاغذات دیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پورا عمل انتہائی شفاف بنایا گیا ہے اور انتہائی سخت اسکروٹنی ہوئی ہے، اسکروٹنی میں سیشن ججز، سرکاری حکام سمیت تمام متعلقہ لوگ شامل تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ 1978ء سے چولستان کے لوگوں کے لیے اراضی کی الاٹمنٹ کا عمل زیرِ التواء تھا، الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، چولستان کے ہزاروں خاندانوں کو روزگار میسر ہو گا۔
Comments are closed.