امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں میں مختلف پارٹیوں کے گورنرز ہیں، انہیں فارغ کیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے وفد کے ہمراہ الیکشن کمشنر سندھ شریف اللّٰہ سے ملاقات کی اور عام انتخابات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشنر سندھ سے ملاقات میں مختلف پہلوؤں پر الیکشن کمیشن کی توجہ مبذول کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ معاملہ وفاقی ہے لیکن صوبائی الیکشن کمشنرز کی تجاویز بھی اہم ہوتی ہیں۔ چاروں صوبوں میں مختلف پارٹیوں کے گورنرز ہیں، انہیں فارغ کیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے لوگ تعینات ہوتے ہیں، ہماری شکایت پر کئی افسران کو معطل اور فارغ بھی کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کے چہرے پر بڑا داغ ہے۔ آر اوز اور ڈی آراوز سے فیصلے تبدیل کروائے گئے۔ ہم کوئی ناجائز فائدہ نہیں چاہتے لیکن اپنا حق کسی اور کو نہیں دیں گے۔
Comments are closed.