جمعہ 21؍شوال المکرم 1444ھ12؍مئی 2023ء

پی ڈی ایم کا پیر کو سپریم کورٹ کے سامنے بڑا دھرنا دینے کا اعلان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سپریم کورٹ کے رویے کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ مدر آف لاء ہے، مدر ان لاء نہیں ہے، عدالت عظمیٰ کے سامنے پیر کو بڑا دھرنا دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی پیر کی صبح تک کسی بھی مقدمہ میں گرفتاری سے روک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے رویے کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ پیر کو اسلام آباد کی طرف روانہ ہو۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ عدالت دہشت گردی اور مجرم کو تحفظ دے رہی ہے، سپریم کورٹ نے غبن کو تحفظ دیا، غبن اور غبن کرنے والے کی حوصلہ افزائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہائیکورٹ نے بھی فیصلے دیے ہیں کہ 9 مئی کے بعد ہوئے واقعات کے بعد درج کسی مقدمے میں عمران خان کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے خلاف کسی بھی مقدمے میں انہیں گرفتار نہ کیا جائے، یہاں تک کہا گیا کہ کسی مقدمے کا اگر انہیں علم نہ ہو تب بھی انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اندازہ لگائیں عدلیہ کس طرح آئین اور قانون سے ماورا فیصلے دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا یہ رعایت تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم نوازشریف کی دی گئی ، اُن کی بیمار اہلیہ کی خیریت معلوم کرنے کےلیے ٹیلیفونک تک نہیں دیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے سوال کیا کہ کیا اس قسم کی رعایت مریم نواز، فریال تالپور کو دی گئی ؟

انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کو وی وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، ریاست کے محافظ اداروں کی آج توہین کی جارہی ہے ۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ اب سپریم کورٹ کے رویے کے خلاف احتجاج ہوگا، عدالت عظمیٰ کے سامنے پیر کو بہت بڑا دھرنا دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تین دو کا فیصلہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں، ہمارے نزدیک تین چار کا فیصلہ متفقہ فیصلہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہجو حملے اور دہشت گردی کی گئی ہے کوئی اور کرے تو غداری ، ہم اسلام آباد آئے ہیں ،بڑا جلوس تھا کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈنڈے سے بات کروں گے ڈنڈے سے جواب دیں گے، مکے سے بات کروں گے مکے سے جواب دیں گے، پتھر سے بات کروں گے، پتھر سے جواب دیں گےاور ایسا جواب دیں گے چھٹی کا دودھ یاد آجائے گا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ کوئی ریٹائرڈ جنرل اگر اس وقت بھی عمران خان کے لیے لابنگ کررہا ہے تو ادارہ موجود ہے ،پی ٹی آئی کا کوئی شرپسند ہماری صفوں میں داخل ہوا تو اسی وقت پکڑا جائےگا۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک کا آئین اور قانون سب کچھ عمران خان کےلیے داؤ پر لگادیا گیا ہے ،پارلیمنٹ کی قرار دادیں بھی موجود ہیں اور آگے بھی کردار ادا کرے گی ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.