عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک کا معاشی اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سیاسی دیوالیہ ہو گیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ 20 کلومیٹر کی حکومت چاروں طرف سے محاصرے میں ہے، پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار، ن اور ش آمنے سامنے آنے والی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل غریب کی جیب پر ڈاکا ہے جو پہلے ہی خالی تھی، چور نعرے سے خوفزدہ وزراء باہر نہیں نکل رہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایک طرف سیلاب اور دوسری طرف حکمران کا عذاب ہے، سب سے زیادہ گیم چینجر پریشان ہیں کہ یہ کیا ہو گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک کو سرحدوں سے نہیں اندر سے خطرہ لاحق ہے، تباہی دروازے پر دستک دے رہی ہے اور نیرو بانسری بجا رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر پابندی کا وقت گزر گیا، اب صرف الیکشن کا وقت آنے والا ہے۔
Comments are closed.