پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 23 مارچ کو لانگ مارچ کررہے ہیں، پورے ملک سے عوام اسلام آباد پہنچیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مارچ کتنے دن کا ہوگا، اس کا فیصلہ بعد میں کریں گے، شاہراہ دستور پر ملکی تاریخ کا عظیم الشان جلسہ ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تمام اراکین کو بحفاظت ایوان پہنچنے کے لیے کور مہیا کیا جائے گا، ان کو بتانا ہے کہ پاکستان تمھارا نہیں ہمارا ہے پوری قوم کا ہے، آپ ہوتے کون ہیں جو پارلیمنٹ کے آئینی اقدام کو اپنے کارکنوں اور چند گوریلوں کے ذریعے روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ لانگ مارچ اسلام آباد میں کتنے دن رہے گا، اس کا فیصلہ یہاں پہنچ کر کریں گے، لوگ تیار رہیں تحریک عدم اعتماد کی تاریخ تک اسلام آباد میں رہیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کو لانگ مارچ کی دعوت دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی مفادات کی امین ہے، تحریک عدم اعتماد 22 کروڑ عوام کی امیدوں کا مظہر ہے، تحریک عدم اعتماد کا سامنے کرنے کے بجائے ارکان اسمبلی کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ نااہل وزیراعظم اور ان حکومت آئین شکنی اور فساد کی راہ اختیار کرچکی ہے، حکومت کے پاس ہمت ہے تو 172 افراد پورا کرے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ 23مارچ کو ظہر کے بعد سے لوگ لانگ مارچ کے لیے روانہ ہوں گے، 48 گھنٹوں میں پی ڈی ایم کا باضابطہ سربراہی اجلاس طلب کیا جائے گا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں بہت کچھ کرنے جا رہے ہیں ان کو چھٹی کا دودھ یاد دلائیں گے، انھوں نے دھمکیاں دی ہیں یہ کوئی مذاق کی بات ہے، پبلک کو غلام سمجھ رکھا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم ان کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ان کی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے، ہم ڈنڈے کا جواب ڈنڈے اور پتھر کا جواب پتھر سے دیں گے۔
Comments are closed.