وفاقی وزیر اسد عمر نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کو موسمی بیماری قرار دیتے ہوئے اس کے جلد ختم ہونے کا دعویٰ کردیا۔
کوٹری میں جلسے سے خطاب میں اسد عمر نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں 2 کروڑ ویکسین لگا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایک بھی ویکسین نہیں لگوائی، یہ صرف سندھ کے نام پر ووٹ لیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بتائیں سندھ میں آٹا مہنگا کیوں ہے؟ پنجاب میں 55، سندھ میں 85 روپے کلو آٹا کیوں مل رہا ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا چینی کنٹرول کرنے والا آصف علی زرداری ہے، جس کی ملیں 150 روپے کلو میں سندھ کے عوام کو چینی بیچ رہی ہیں۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ سندھ کے حکمران چینی پر مظاہرے عمران خان کے خلاف کر رہے ہیں، اب یہ ووٹ مانگیں تو عوام کہیں گے، مرسوں مرسوں ووٹ نہ ڈیسوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم موسمی بیماری ہے، جلد ختم ہوجائے گی، 2023ء میں تحریک انصاف پورے پاکستان میں کامیاب ہونے والی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی نظر میں ہر پاکستان کا شہری برابر ہے، بلاول بھٹو تم ایک ویکسین سندھ کو لاکر نہیں دے سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو یہ نظام نہیں چاہے کہ وہ نوکری کے لیے ایم پی اے یا ایم این اے کے پاس جائے، نوجوان چاہتا ہے کہ وہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو۔
اسد عمر نے کہا کہ 3 ہزار 200 نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضے دیے گئے، قومی اسمبلی میں بل پاس ہوگا، اب حیدرآباد میں نئی یونیورسٹی بننے جارہی ہے، پیپلز پارٹی نے آج تک ایک کلو میٹر سڑک نہیں بنائی۔
Comments are closed.