بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پی پی کے ہر دور میں کراچی محرومیوں کا شکار رہا، کنور نوید

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کراچی کی نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کو روکیں گے، عدالت میں بھی درخواست دائر کریں گے، پیپلزپارٹی کراچی کے لوگوں کا دل جیتنے کے بجائے سازشیں کرکے قبضہ کرنے کی کوشش کرتی ہے،مگر ان کا یہ خواب آج تک پورا نہیں ہوسکا۔

ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ہر دور میں کراچی محرومیوں اور زیادتیوں کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہر سطح پر نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کو روکیں گے، عدالت میں بھی درخواست دائر کریں گے، سندھ حکومت نے حلقہ بندیاں سیاسی مفادات کے لئے کی ہیں، کہیں کم آبادی کو ٹاؤن بنا دیا گیا ہے اور کہیں پر ایسا بھی ہوا ہے کہ زیادہ آبادی کو یو سی بنا دیا گیا ہے، مختلف جگہوں پر آبادی کا اتنا فرق اپنے سیاسی مفادات کو مد نظر رکھا کر کیا گیا ہے۔

کنور نوید نے مزید کہا کہ سائٹ ٹاؤن کا نام بدل کر ایک گوٹھ کے نام پر رکھ دیا گیا ہے، قانون کے تحت یونین کونسلزکی آبادی برابر ہونی چاہیے ، ٹاؤن کی آبادی بھی برابری کی بنیاد پر ہونی چاہیے مگر پیپلز پارٹی نے سراسر لسانی اور سیاسی بنیادوں پر ٹاؤن اور یوسیز کی حلقہ بندیاں کی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں کراچی کے لوگوں نے جنرل یحییٰ خان کی حکومت میں نئے صوبے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا ، پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت نے کراچی کے لوگوں کو ان کی محبت کا صلہ نفرت اور زیادتیوں سے دیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.