وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی، اپوزیشن کی سیاست کے خاتمے کے دن آگئے ہیں۔
راولپنڈی میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے یک جہتیٔ کشمیر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ہمارے ساتھیوں کے پاس مدد لینے کے لیے چلے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ 4 مہینوں سے ڈرامہ لگایا ہوا ہے کہ وہ آ رہا ہے، یہ جا رہا ہے، سارے گندے اکھٹے ہو کر اسلام آباد آؤ، ایک ٹھوکر میں مار دیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں دولت کی غیر منصفانہ تقسیم سے نظام خراب ہو گیا ہے، عمران خان چاہتے تھے کہ بد دیانت اور منی لانڈرر جیل میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا دماغ خراب ہو چکا ہے، عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نالائق اپوزیشن ملی ہے، جس کا دل چاہتا ہے اسلام آباد آئے لیکن سب شرمندہ ہو کر واپس لوٹیں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ اقتدار کی بھوک میں نہیں کھڑے، عمران خان پوری کوشش کر رہے ہیں کہ مہنگائی سے قوم کو نجات ملے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ میں آ گیا ورنہ ایم ایل ون میں ایک لاکھ نوکریوں کا بندوبست کرنا تھا، وہ جیلیں ختم ہو گئیں جہاں پنکھا بھی نہیں چلتا تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ یومِ یک جہتیٔ کشمیر پاکستان میں جوش و ولولے سے منایا جا رہا ہے، لال حویلی کا رشتہ سرینگر کے لال چوک سے ثابت کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ فوج نوشکی اور پنجگور سمیت ہر جگہ دہشت گردوں کو شکست دے رہی ہے، بھارت میں مسلمان بے حال ہیں، بی جےپی نے ایک مسلمان کو بھی ٹکٹ نہیں دیا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ بھارت کے آرمی چیف کہتے ہیں کہ پاکستان نے فوجوں کو سیاچن سے واپس بلانے کی درخواست کی ہے۔
شیخ رشید نے بھارتی آرمی چیف سے مخاطب ہو کر کہا کہ پاکستان 1970ء یا 1965ء کا پاکستان نہیں ہے، یہ پھلجھڑیاں شبِ برأت یا دیوالی کے لیے نہیں، ملکی دفاع کے لیے رکھی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، ہم کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے۔
Comments are closed.