امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، کراچی کا میئر جماعت اسلامی ہی کا ہوگا۔
تعمیر کراچی کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ 75 سال سے کراچی کے شہریوں کا استحصال کیا جارہا ہے، بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا لیکن افسوس کا مقام ہے سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن شہر کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک کو ایک ایماندار اور دیانت دار قیادت دینے کیلئے ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان کے عوام ایک اچھی زندگی گزاریں اور آخرت میں بھی کامیاب ہوں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن نہ کروا کر کراچی کی تعمیر و ترقی کا عمل روک دیا گیا ہے، کچھ افسران کی کراچی میں تقرری ہی اس لیے ہوتی ہے کہ وہ زمینوں پر قبضے کریں اور یہاں کے وسائل کو لوٹیں۔ اسی لوٹ کھسوٹ سے مایوس ہو کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا لیکن اب بلدیاتی الیکشن کے نتائج تبدیل کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن 11 خالی نشستوں پر انتخاب کروانے کیلئے دو ماہ سے کیوں انتظار کر رہا تھا، اب رمضان میں الیکشن کروانے کا مقصد ووٹنگ کی شرح کو کم رکھنا اور من پسند نتیجہ لینے کی کوشش ہے، لیکن عوام اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
Comments are closed.