پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 5جولائی کی مناسبت سے سابق وزیر اعظم اور صدر ذوالفقار علی بھٹو کی یادگار ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ضیاء الحق نے 5 جولائی1977 کو وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ الٹ کر آئین کی بالادستی پر شب خون مارتے ہوئے ملک میں مارشل لاء نافذ کر دیا تھا۔
پیپلز پارٹی ہر سال کی طرح اس سال بھی پانچ جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منارہی ہے۔
پی پی پی کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستان پیپیلز پارٹی کے بانی رہنما، ملک کے چوتھے صدر اور 9ویں وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی ایک یاد گار ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں ذوالفقار علی بھٹو عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مجھے حکومت سے تو نکالا جا سکتا ہے مگر میں عوام کے دلوں سے نہیں نکل سکتا، میرا اور عوام کا رشتہ کبھی کٹ نہیں سکتا۔
واضح رہے کہ 1977ء کے عام انتخابات میں ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی نے 200 میں سے 150 نشستیں جیت لی تھیں، نیشنل الائنس صرف 36 نشستوں پر کامیاب ہوئی اور دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نتائج ماننے سے انکار کر دیا گیا تھا۔
ذوالفقار علی بھٹو سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف تحریک شروع کر دی گئی تھی۔
مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں کئی افراد مارے گئے اور کئی رہنما گرفتار کر لیے گئے۔
اس دوران فوج نے آپریشن ’فیئر پلے‘ کیا جس میں ذوالفقار علی بھٹو کے تعینات کردہ آرمی چیف جنرل ضیاء الحق نے بھٹو حکومت کا تختہ الٹ کر اسمبلیاں تحلیل کر دیں، آئین معطل کیا اور مارشل لا کا نفاذ کر دیا۔
وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور وزراء کو قید کر لیا، بھٹو پر سیاسی مخالفین کے قتل کا الزام لگا، مقدمہ چلا اور سپریم کورٹ نے پھانسی کی سزا سنا دی۔
دوست ممالک کی کوششوں کے باوجود 4 اپریل 1979ء کو ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی، اس سزا کو عدالتی قتل کہا گیا۔
Comments are closed.