پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے پاکستان تحریک انصف (پی ٹی آئی) رہنما فیصل ووڈا کی پریس کانفرنس براہ راست کیوں نشر کی؟ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے زبردست بحث چھڑ گئی۔
ایک جانب خود تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر حیران و پریشان نظر آرہے ہیں وہیں عوام نے بھی اس سلسلے میں چہ مگوئیاں شروع کردیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ فیصل واوڈا نے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری ٹی وی سمیت تمام چینل نے پریس کانفرنس دکھائی، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں امورٹڈ حکومت نے لانچ کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ فیصل واوڈا کی پریس پر حیرت بھی ہوئی اور سمجھ بھی نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا ہمیں معلوم نہیں تھا، ان کی کی لانگ مارچ میں خون خرابے کی بات غلط ہے، تحریک انصاف کا مارچ پُرامن ہوگا۔
ادھر سینیٹر اعجاز چوہدری نے اپنے بیان میں فیصل واوڈا کے لانگ مارچ میں جنازے نظر آنے کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کی بات کی کُھلم کُھلا تردید کرتا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ یہ دلچسپ ہے کہ پی ٹی وی نے فیصل واوڈا کی پریس نشر کی۔ پی ٹی وی عمران خان سمیت کسی بھی پی ٹی آئی لیڈر کی پریس کانفرنس نہیں دکھاتا۔
دیگر صارفین نے بھی اپنی آرا کا کھل کر اظہار کیا اور اپنے انداز میں پی ٹی وی پر فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر سوالات اٹھائے۔
ایک صارف نے تحریر کیا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد سے جہاں عمران خان سمیت کسی بھی پی ٹی آئی رہنما کو پی ٹی وی پر وقت نہیں دیا گیا لیکن شاید غلطی سے فیصل واوڈا کو دے دیا گیا۔
ایک صارف نے تحریر کیا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس عوام میں افرا تفری پھیلانے کی کوشش ہے۔
ٹوئٹر پر ایک اور صارف نے تحریر کیا کہ فیصل واوڈا کو عمران خان سے بھی زیادہ کوریج مل رہی ہے، یہ پریس کانفرنس کس کی فرمائش پر ہورہی ہے۔
Comments are closed.