بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پی ٹی آئی MPA پر فائرنگ، حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ خیبر پختون خوا اسمبلی ملک لیاقت پر فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے لوئر دیر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملک لیاقت کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

 پی ٹی آئی کے زخمی ایم پی اے ملک لیاقت خان پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک لیاقت خان کے پیٹ میں اور کندھے پرگولیاں لگی ہیں، ان کا آپریشن کر کے انہیں وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ ملک لیاقت مکمل ہوش میں نہیں ہیں، ان کی مکمل صحت یابی سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، ان کے ساتھ زخمی ہونے والے 3 افراد بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمیوں میں ملک لیاقت خان کا بھتیجا حذیفہ بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ملک لیاقت قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے، لوئردیر میں نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔

پولیس نے مزید کہا کہ تشویشناک حالت کے پیش نظر ایم پی اے ملک لیاقت کو پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں دیگر 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایم پی اے ملک لیاقت کا بھائی، بھتیجا، پولیس اہلکار اور لیویز اہلکار شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.