پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا پر گھناؤنی مہم چلارہے ہیں، عالمی اداروں سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو امداد نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک مشکل میں ہے اور ایک فاشسٹ جماعت سیاسی جماعتوں اور اداروں سے لڑرہی ہے، اب یہ سیلاب زدہ لوگوں سے لڑائی کر رہے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کیا ہم ان کو محب وطن یا پاکستانی کہہ سکتے ہیں جو ملک کے خلاف ٹرینڈ چلا رہے ہیں، ایسی سازش تو بھارت اور اسرائیل نے کبھی نہیں کی جو پی ٹی آئی کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے کردار پر چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر ادارے نوٹس لیں، یہ لوگ ملک کے لیے سیکیورٹی رسک بنے ہوئے ہیں، یہ سیاست کی آڑ میں ملک اور عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں ڈینگی سے 7 اموات ہوئی ہیں، سندھ میں سیلاب کے باعث اب تک 638 اموات ہوچکی ہیں۔
Comments are closed.