پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست کی ابتداء جھوٹ اور یوٹرن پر ختم ہوتی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی سیاست کا مقصد جھوٹ بولنا، الزام لگانا اور بیانیہ بنانا ہے، 35 پنکچر اور عالمی سازش کے بعد اب روس سے تیل معاہدے کا دعویٰ بھی جھوٹ ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جھوٹ کو بار بار دہراتی ہے تاکہ لوگوں کو سچ لگے، پی ٹی آئی الزام لگا کر بیانیہ بناتے ہیں پھر کہتے سیاسی بیان تھا، اب تو روسی قونصل جنرل نے بھی عمران خان کے دعوے کو مسترد کردیا ہے، روسی قونصل کی تردید کے بعد ان کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان کو معلوم نہیں کہ کسی معاملے پر بات کرنے اور معاہدہ کرنے میں فرق ہے؟، کیا وہ عالمی امور سے اتنے لاعلم ہیں کہ بات کرنے کو معاہدے سمجھ بیٹھے؟، روس کے ساتھ تیل کا معاہدہ کیا تو اس کا ثبوت کہاں ہے؟ معاہدہ تھا تو اس کا باضابطہ خط وکتابت میں ذکر کیوں نہیں؟۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کیلئے ملک کے بین الاقوامی تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
Comments are closed.