صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار کا کہنا ہے کہ ہمارے 4 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ایک عہدیدار کے بے گناہ بھائی کو ابھی چھوڑا ہے،میٹروول اور دیگر علاقوں میں کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ نہ رکا تو سی ایم ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔
شہزاد قریشی، علی عزیز جی جی کے ہمراہ ویڈیو بیان میں صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار نے بتایا کہ مراد علی شاہ نے پولیس کو سیاسی انتقام لینے کیلئے رکھا ہوا ہے، بغیر کسی جرم کے کارکنوں کو گرفتار کرنا ناقابل سمجھ ہے۔
علی عزیز جی جی نے کہا کہ ہمارا سوال ہے کب تک سندھ پولیس سیاسی آقاؤں کی غلامی کرے گی، رمیش کمار اور سندھ حکومت کی ملی بھگت سے پولیس نے ورکرز کو گرفتار کیا ہے، احتجاج ختم کردینے کے بعد کس قانون کے تحت گرفتاریاں کی گئیں۔
بلال غفار نے بتایا کہ کارکنوں کو پریڈی تھانے رکھا گیا ہے،گرفتار کارکنوں سے ملاقات کے لئے پریڈی تھانے جارہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایم این اے رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج، ہنگامہ آرائی کی گئی تھی، واقعہ کے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج ہے،ہنگامہ آرائی میں ملوث 2 افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔
ایس پی کلفٹن روحیل کھوسو کلفٹن تھانے پہنچ گئے ہیں اور وہ پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی کو مذاکرات کے لئے دفتر لے گئے ہیں۔
Comments are closed.