تحریک انصاف سندھ کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کی کی خبروں کو افواہ اور من گھڑت قرار دیدیا ہے۔
دادو میں میڈیا سے گفتگو میں لیاقت جتوئی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر سندھ کی قیادت کو تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ پی ٹی آئی میں اجارہ داری والی روایت کو بڑھنے نہ دیا جائے۔
لیاقت جتوئی نے مزید کہا کہ کچھ لوگ پارٹی میں اجارہ داری قائم کرکے بلیک میلنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ خان صاحب ان لوگوں کا ماضی تو چیک کرائیں کہ یہ کس قسم کے لوگ ہیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے رہنما نے استفسار کیا کہ سینیٹ انتخابات میں کیوں اندرون سندھ کو نظر انداز کیا گیا؟
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحفظات پر مبنی گورنر سندھ کو لکھے گئے خط پرتوجہ دی جائے۔
Comments are closed.