پنجاب میں نیا بحران پیدا ہوگیا، تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سیکرٹری اسمبلی کے آفس میں جمع کروا دی گئی ہے۔
ترجمان ق لیگ نے بتایا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع ہونے کے بعد سردار دوست محمد مزاری اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے مجاز نہیں رہے۔
حکام کی جانب سے پنجاب اسمبلی پر تالے لگا دیئے گئے ہیں اور اسمبلی کے مین گیٹ پر خاردار تاریں لگادی گئی ہیں۔
سیکیورٹی اسٹاف نے بتایا کہ مین گیٹ کی بجائے دربار گیٹ سے داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے سے آج داخلہ بند کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم سے تحریک انصاف کی قیادت نے اس عمل کی منظوری حاصل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد میاں محمود الرشید اور دیگر ارکان اسمبلی کے دستخطوں سےجمع کرائی گئی۔
پنجاب اسمبلی کےاجلاس کی صدرات پینل آف چیئرمین میاں شفیع کریں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق پنجاب اسمبلی اجلاس کی صدارت کرسکتا ہوں، یہ الیکشن وزیر اعلیٰ کیلئے ہے میرے لیے نہیں۔
اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسمبلی اجلاس آج ہی ہوگا۔
دوست محمد مزاری کے ایک حکم نامے کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس شام ساڑھے 7 بجے طلب کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء سے مشاورت کے بعد اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی۔
ترجمان اسپیکر پنجاب اسمبلی زین علی بھٹی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16اپریل کوہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک آفیشل لیٹرجاری نہیں ہوتا، پہلا آرڈر برقرار رہے گا۔
زین علی بھٹی نےبتایا کہ گزشتہ اجلاس میں توڑ پھوڑ کی وجہ سے اسمبلی میں مرمت کا کام جاری ہے۔
Comments are closed.