ٹیکسلا میں پی ٹی آئی کے ایم این اے اور ایم پی اے کا جھگڑا طول پکڑ گیا۔ صوبائی وزیر ملک تیمور اور ایم این اے منصور حیات کے کارکنوں کے درمیان مسلح تصادم میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
پی ٹی آئی کے وزیر کھیل پنجاب ملک تیمور اور ایم این اے منصورحیات کے کارکنان کا گزشتہ روز جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد گزشتہ رات دو بجے ایک بار پھر جھگڑا ہوا اور گولیاں چل گئیں۔
واقعے میں زخمی دو افراد کو ٹی ایچ کیو ٹیکسلا جبکہ تیسرے کو ڈی ایچ کیو راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔
وزیر کھیل پنجاب ملک تیمور اور ایم این اے منصورحیات نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے ہیں، زخمی ہونے والے تینوں افراد کا تعلق ایم این اے منصور حیات گروپ سے ہے۔
منصور حیات کا کہنا ہے کہ فائرنگ ملک تیمور کے ساتھ موجود سرکاری گارڈ نے بھی کی۔
ٹیکسلا پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پرموجود ہے تاہم فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ تا حال درج نہیں کیا جاسکا، پی ٹی آئی کے دونوں دھڑے اسلام آباد کے داخلی راستے مارگلہ رضا شاہ چوک پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
Comments are closed.