پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8 فروری کے عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر رہی ہے، انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمے دار پی ٹی آئی ہو گی۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، پی ٹی آئی کی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سائفر کی طرح پی ٹی آئی 8 فروری کے عام انتخابات کے خلاف سازش کر رہی ہے، پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دہری اور منافقانہ پالیسی پر کاربند ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے جبکہ عدالتوں میں الیکشن کے التواء کے لیے پٹیشنز کرتی ہے، 2018ء کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمے داری نبھائی تھی، 2018ء میں بیوروکریسی کے ڈی آر اوز کا فرض نبھانے پر پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈی آر اوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ گئی، سائفر میں عوام میں کچھ کہا اور تحقیقات میں کچھ کہا، پی ٹی آئی یہی منافقت الیکشن پر بھی اپنائے ہوئے ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی، یہ جماعت ملک میں آئینی بحران پیدا کر کے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طور پر مضبوط ہو اور عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔
Comments are closed.