جمعرات 9؍شعبان المعظم 1444ھ2مارچ 2023ء

پی ٹی آئی یورپ کی تنظیمیں 18 مارچ کو یورپی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گی

یورپ بھر میں تحریک انصاف کی تنظیمیں 18 مارچ کو یورپی پارلیمنٹ کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گی جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

اس بات کا اعلان تحریک انصاف بیلجیئم کے صدر غلام ربانی بابو نے یہاں برسلز میں کیا۔

نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف بیلجیئم کی میزبانی میں فرانس، جرمنی، ہالینڈ، اسپین، برطانیہ، پرتگال، ڈنمارک، ناروے، لکسمبرگ، اٹلی، آسٹریا، سویڈن اور آئرلینڈ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تنظیمیں پاکستان میں پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت کی جانب سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر درج ہوتے دہشتگردی کے مقدمات اور ان کی جانب سے آئین سے انحراف کرتے ہوئے الیکشن سے فرار کےلیے مختلف حربے اختیار کرنے پر اپنی ناپسندیدگی کے اظہار کےلیے ایک بڑا مظاہرہ کرنے جا رہی ہیں۔

یہ مظاہرہ 18 مارچ کو دوپہر 2 بجے یورپی پارلیمنٹ کے سامنے پلس لکسمبرگ پر منعقد ہوگا۔

احتجاجی مظاہرے میں امریکا، کینیڈا اور جنوبی افریقہ سے بھی وفود شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی موجودہ حکومت کی جانب سے ان کے ووٹ دینے کے حق کو واپس لینے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے جمہوری عمل میں شرکت کے حق سے محروم کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.