پیر 22؍ذیقعد 1444ھ 12؍جون2023ء

پی ٹی آئی کے لوگوں نے کہا تھا جماعت اسلامی کو سپورٹ نہیں کریں گے، سعید غنی

سندھ کے وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی لوگوں نے کہا تھا جماعت اسلامی کو سپورٹ نہیں کریں گے۔

کراچی میں مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی والوں نے جو کہا اس میں ہمارا قصور تھا، پورے ملک میں 9 مٸی کے واقعات کی مذمت ہو رہی ہے۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے صرف 3 لوگ اس وقت جیل میں ہیں، ان تین لوگوں کو پیش کرنے کی ذمے داری حکومت کی ہے، ہم پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں شکست دیکھتے ہوئے حافظ نعیم پیپلز پارٹی پر گھٹیا الزامات لگا رہے ہیں، اگر ان کو میئر مان لیں تو تمام الزامات ختم ہو جائیں گے، 15 تاریخ کو آپ جیت گئے تو مبارکباد دیں گے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم کسی ملک دشمن کی چوکھٹ پر ووٹ کے لیے نہیں جا رہے، آپ تمام لوگوں کو قائل کریں کہ وہ آپ کو ووٹ دیں، جماعت اسلامی کے اندر اختلاف ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی اور میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جمہوریت پر نام پر قبضہ، پیپلز پارٹی نے حالات سے کچھ نہیں سیکھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ لوگ حافظ نعیم کے رویے سے نالاں ہیں، میں تو کہہ رہا ہوں پہلے اپنے نمبرز تو پورے کریں، حافظ نعیم بتائیں کتنے لوگوں سے ملے اور ان کو کتنے سپورٹ کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں خود پی ٹی آئی کے لوگوں سے ملا، مجھے بھی اکثر لوگوں نے کہا آپ کو ووٹ نہیں دیں گے، پی ٹی آئی والوں سے ہم التجا تو کر سکتے ہیں، آپ کوشش کریں ہم بھی کوشش کر رہے ہیں، میں بھی لوگوں سے مل رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یہاں چیئرمینز کی سیٹیں جیت گئی لیکن آگے اندھیرا ہی ہے، جماعت اسلامی کا کراچی سے آگے کوئی نام نہیں لے رہا، اگر ان کو اکثریت مل گئی تو میں خود ان کو مٹھائی کھلاؤں گا۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ ہم منتخب لوگوں سے رابطے کر رہے ہیں کہ ووٹ دیں، ان کو پریشانی اس بات سے ہے کہ پیپلز پارٹی کیوں جیتی، جو حق میں فیصلہ نہ دے وہ برا ہے، کراچی میں پیپلز پارٹی کا میئر آئے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی کی بڑی جماعت بنے گی، جتنے انتخابات کراچی میں ہوئے مجھے جماعت اسلامی کی کارکردگی دکھا دیں، اگر مرتضیٰ وہاب میٸر بنے تو انہیں 6 ماہ کے اندر  کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کا رکن بننا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کل حافظ نعیم نے تعصب کی سیاست کرنے کی کوشش کی، میں اس شہر میں پیدا ہوا ہوں، یہاں تعلیم حاصل کی ہے، کراچی کی خدمت کریں گے، کام ہو گا ان سب کے منہ بند ہو جائیں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی والوں نے اس نفرت کی سیاست کو مسترد کیا ہے، یہ قبضہ گروپ ہیں، کراچی کے کھمبوں اور بل بورڈز پر نظر آ رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.