سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی عائد کی جائے، یہ لوگ ملک کے لیے سیکیورٹی رسک بنے ہوئے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا پر گھناؤنی مہم چلا رہے ہیں، عالمی اداروں سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو امداد نہ دیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کیا ہم ان کو محب وطن یا پاکستانی کہہ سکتے ہیں جو ملک کے خلاف ٹرینڈ چلا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ایسی سازش تو بھارت اور اسرائیل نے بھی کبھی نہیں کی جو پی ٹی آئی کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعت نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے کردار پر چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر ادارے نوٹس لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاست کی آڑ میں ملک اور عوام سے دشمنی کر رہے ہیں، اب یہ سیلاب زدہ لوگوں سے لڑائی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک مشکل میں ہے اور ایک فاشسٹ جماعت سیاسی جماعتوں اور اداروں سے لڑ رہی ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ آج ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت ہوا، برسات کے پانی کی نکاسی اور ریلیف پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے ابھی تک ایک لاکھ 69 ہزار 540 ٹینٹس دیے ہیں، این ڈی ایم اے سے 10ہزار 853 خیمے ملے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملیر میں ایک خیمہ بستی لگانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ڈینگی سے 7 اموات ہوئی ہیں، سندھ میں سیلاب کے باعث اب تک 638 ہوچکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اضلاع میں پابندی سے کام پر فوکس کریں، غفلت برتنے والے افسران کو ہٹایا جائے گا اور انہیں برطرف کیا جائے گا۔
Comments are closed.