پیر 6؍شعبان المعظم 1444ھ27؍فروری 2023ء

پی ٹی آئی کا امجد شعیب کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

کوئٹہ میں قاسم سوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کی گرفتاری قابل مذمت ہے، ان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

 شہباز گل نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہو چکا، خود خواجہ آصف کے الفاظ ہیں کہ ملک ڈوب رہا ہے، پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن دو ججز پر تنقید کی جا رہی ہے وہ اچھے فیصلے کرنے والے لوگ ہیں، تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

عوام کو اداروں کےخلاف اکسانے اورنفرت پھیلانے کے کیس میں گزشتہ روز گرفتار کیے گئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کر دیا گیا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ ہائی کورٹ کا شہباز گل کے خلاف درج مقدمہ ختم کرنے کا حکم قابل تحسین ہے، ہائی کورٹ کے جج سردار گل حسن کے روبرو سماعت ہوئی، انہوں نے بناء کسی دباؤ کے فیصلہ دیا، قانون میں موجود ہے ایک واقعے کا مقدمہ ایک جگہ ہی درج کیا جائے۔

قاسم سوری کا کہنا ہے کہ خوف پھیلانے کے لیے بلوچستان میں مقدمات قائم کیے جاتے ہیں، اعظم سواتی کو بھی بلوچستان کی عدلیہ سے ریلیف ملا، شہباز گِل کے خلاف بھی درج مقدمہ ختم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قانون اور آئین کی بالادستی کی بات کرتی ہے، ن لیگ عدلیہ پر دباؤ ڈال رہی ہے، پی ٹی آئی عدلیہ کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گرفتار کیے گئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

اسلام آباد کی عدالت نے عوام کو اداروں کےخلاف اکسانے اورنفرت پھیلانے کے کیس میں گزشتہ روز گرفتار کیے گئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ سنا دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.