پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ آج ہی چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف آج ہی ہائیکورٹ جارہے ہیں، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ فیصلے کے خلاف آج ہی پٹیشن دائر کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ عمران خان پر نہیں، پاکستان کے آئین پر حملہ ہے، الیکشن کمیشن نے شرم ناک فیصلہ دیا۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جس طرح آج یہ فیصلہ ہوا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر کو پی ڈی ایم میں شامل کیوں نہیں جاتا؟۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی، ان کا نشانہ صرف عمران خان ہے، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کے آئین پر حملہ اور نواز شریف کا لکھا ہوا فیصلہ ہے، الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ پاکستان کے اداروں پر حملہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہوتا کون ہے یہ فیصلہ کرنے والا!، عوام سے اپیل کرتا ہوں اپنے حق کے لیے باہر نکلے، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے، پی ٹی آئی اور عوام اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ان ایوانوں کو الٹا کر ہی ملک کے آئین کو بچایا جاسکتا ہے۔
اسی موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ یہ فیصلہ نواز شریف نے لکھا اور ان کے ذاتی ملازم نے دستخط کر کے سنایا۔
شہباز گل نے کہا کہ عوام اس فیصلے کو ہر لحاظ سے مسترد کرتے ہیں۔
Comments are closed.