پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ڈائیلاگ کیلئے پی ٹی آئی کو بلایا تھا جہاں ہم نے الیکشن کمیشن کے سامنے 3 نکات رکھے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بات چیت سے ہی معاملات حل ہوتے ہیں ہم نے اپنے نکات الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ دیے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم نے کہا آئین کے تحت 90 روز میں الیکشن کروانا ای سی پی کی ذمے داری ہے، الیکشن کروانے میں پی ٹی آئی ہر تعاون کے لیے تیار ہے، آرٹیکل 51 کے تحت درج ہے ہر صوبے میں کتنی سیٹیں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کہا نئی مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں نہ کروائی جائیں، مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں ہر صوبے کے وزیر اعلیٰ شامل ہوتے ہیں، کچھ روز قبل اس میٹنگ میں 2 نگراں وزیر اعلیٰ شریک ہوئے۔
بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ میٹنگ کے دوران ہم نے کہا اس لیے ہمیں نئی مردم شماری اور حلقہ بندیاں منظور نہیں، الیکشن مہم کے دوران پارٹی پرچم لہرانے کی اجازت دی جائے۔
Comments are closed.