پیر 12؍محرم الحرام 1445ھ31؍جولائی2023ء

پی ٹی آئی قیادت بات مانتی تو صورتحال بہتر ہوتی، چوہدری سرور

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حق و سچ کی بات کرتا ہوں، پی ٹی آئی قیادت بات مانتی تو صورتحال بہتر ہوتی۔

مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستانیوں کو اہم مسائل کے حل کےلیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی طور پاکستان بدترین حالات سے گزر رہا ہے، ہم قرض لے کر قرض واپس کرتے ہیں، پاکستانیوں کو بھکاری بنا دیا گیا ہے۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ کرپشن کینسر بن چکا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ کرپشن بڑھ رہی ہے، لوٹ کھسوٹ کر کے پاکستان سے کرپشن کا پیسہ باہر جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران 10، 10 کنال کے گھروں میں رہائش پذیر ہیں، ہزاروں سرکاری گاڑیاں پروٹوکول کےلیے استعمال ہو رہی ہیں۔

ق لیگ کے چیف آرگنائزر نے یہ بھی کہا کہ اوورسیز پاکستانی 30 ارب ڈالرز پاکستان زر مبادلہ بھیجتے ہیں، کوئی بھی حکومت اوورسیز کے مسائل حل نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ حق و سچ کی بات کرتا ہوں، پی ٹی آئی قیادت بات مانتی تو صورتحال بہتر ہوتی، الیکشن وقت پر ہوئے تو تمام سیاسی پارٹیوں سے رابطہ کریں گے۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ میں نے جتنا وقت جس پارٹی کے ساتھ گزارا کچھ نہ کچھ ڈیلیور کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.