پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی سینیٹرز پیر کو پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں شرکت کریں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جاچکا ہے 30 اپریل کو ہی پنجاب کا الیکشن کروایا جائے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور، لاہور، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ الیکشن کمیشن تاریخ بدل نہیں سکتا، امید ہے سپریم کورٹ گورنر خیبر پختونخوا کے خلاف درخواست بھی سنے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی قوم آئین کے دفاع کےلیے سپریم کورٹ کے ساتھ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم کسی صورت بھی آئین سے انحراف نہیں ہونے دیں گے۔ گورنر خیبر پختونخوا کے خلاف توہین کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کریں گے، بیرسٹرعلی ظفر کل سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔
Comments are closed.