بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیلٹ پیپرز کی تصاویر شیئر کر دیں، الیکشن کمیشن کا نوٹس

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بعض رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز کی تصاویر شیئر کر دیں جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان سہیل احمد کا کہنا ہے کہ پوسٹ کی گئی تصاویر کا نوٹس لیا گیا ہے، بیلٹ پیپرز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن سہیل احمد کے مطابق معاملےکی تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے متعلق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے بھی بیلٹ پیپر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خالی بیلٹ پیپر کی تصویر شیئر کرنا کوئی قانونی جرم نہیں، ووٹرز کو کنفیوژ کرنے کے لیے بلے کے نشان سے مماثلت رکھنے والے نشانات بیلٹ پیپرز پر چھاپے گئے۔

الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں پولنگ کا عمل پُرامن انداز سے جاری ہے، تمام وزراء پر حلقوں کا دورہ کرنے پر مکمل پابندی ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اگر ہمارے لوگوں نے تصویر شیئر کی، اس کا مقصد لوگوں کو معلومات فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.