چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض چوہان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار کے دفتر پر ن لیگ کے امیدوار نے حملہ کیا، فوٹیجز بھی موجود ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی غیرآئینی حکومت کی سرپرستی میں پری پول دھاندلی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جھوٹ پر مبنی سیاست کا آغاز کیا اور اسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ چھوٹو تارڑ اپنی بدتہذیبی کی روایت پر بڑے مشہور ہیں، انہوں نے جھوٹ بول کر حقائق پر مبنی بات کی نفی کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کے اعلان کے بعد قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، پنجاب میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آل شریف کی خوشی کے لیے افسران غیرقانونی اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری گاڑیوں پر گولیوں کے نشانات ہیں، کوئی ہماری درخواست پر کارروائی نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اسمبلی ہال میں داخل ہو کر ممبران پر تشدد کرتی ہے۔ ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے لیے چیف سیکریٹری اور پنجاب پولیس ہر طرح کی کوششیں کر رہی ہے۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ہم متعدد ایف آئی آر کے بعد بھی یہاں موجود ہیں، یہیں رہ کر غنڈہ گردی کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب شبیر گجر کے کارکن اور بیٹے پر فائرنگ کا مقدمہ درج کریں۔
Comments are closed.