اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے خطوط بھیج دیے، یہ تصدیق نہیں کرواتے تو اپنا فیصلہ کروں گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ تحریک انصاف کے ممبران کے پیش نہ ہونے پر ان کے استعفوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان نے استعفے دیے ہیں یا نہیں انہیں پیش ہونا چاہیے، استعفوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے، استعفیٰ ہر رکن کے ہاتھ کا لکھا ہونا چاہیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے خطوط بھیج دیے ہیں، عمران خان کو بھی خط بھجوایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان آج بھی رکن اسمبلی ہیں، انہیں بھی استعفے کی تصدیق کرنا ہوگی۔
ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان استعفوں کی تصدیق نہیں کرواتے تو اپنا فیصلہ کروں گا۔
راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ جس کے ساتھ اپوزیشن کے زیادہ اراکین ہوں گے اس کو اپوزیشن لیڈر بنایا جائے گا، انتخابی اصلاحات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کے لیے عمران خان سمیت تمام پارلیمانی لیڈرز کو خط لکھ دیے ہیں، انتخابی اصلاحات کے بعد الیکشن سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
Comments are closed.