پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو تمام نہیں تو کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے چند میچز کھیلنے کی اجازت دے دینی چاہیے۔
کشمیر پریمیئر لیگ نے سیزن 2 کے لیے شاہد آفریدی کو لیگ کا برینڈ ایمبیسڈر نامزد کردیا جس کا اعلان کراچی میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو قومی ٹیم سے وابستہ کھلاڑیوں کو کے پی ایل کے کچھ میچز کھیلنے کی اجازت دے دینی چاہیے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی بورڈ کو صرف اتنا ہی کہوں گا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن بھی ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر میں سال میں صرف ایک بار نہیں بلکہ پورے سال کرکٹ کی سرگرمیاں ہوتی رہنی چاہئیں۔
اس موقع پر کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے کہا کہ اس سال ہر ٹیم میں ایک غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے گا جس کے لیے ڈائریکٹر آپریشن راشد لطیف غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے کر رہے ہیں۔
اس تقریب میں کشمیر پریمیئر لیگ میں شریک فرنچائز ٹیموں کے مالکان بھی موجود تھے، یہ تقریب جیو سوپر سے براہِ راست نشر کی گئی۔
Comments are closed.