پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں اراکین نے مالی سال 2023-2024 کیلئے بورڈ کا بجٹ منظور کرلیا۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بلائنڈ اور ویل چیئر کرکٹ ایسوسی ایشنز کےلیے 70، 70 لاکھ روپےگرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔
ذکا اشرف نے اجلاس میں ممبران کو آئی سی سی اجلاس اور نئے فنانشل ماڈل پر بھی بریفنگ دی۔
چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی قیادت میں ہونیوالے اجلاس میں اسٹیڈیمز کی بجلی کا نظام سولر سسٹم پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔
یہ فیصلہ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تاکہ بجلی کی کمی سے بچا جاسکے۔ پی سی بی مختلف اسٹیڈیمز کا سروے کرکے ان میں سولر پینل نصب کرنے کی جگہوں کی نشاندہی کرے گا اور جہاں ممکن ہوا شمسی توانائی سے بجلی کی ضرورت پوری کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو سولر سسٹم پر شفٹ کیا جائے گا، پھر دیگر اسٹیڈیمز میں یہ سسٹم لگایا جائے گا۔
Comments are closed.