پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کردی۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ ایسے شخص کو لاپتہ افراد کے کمیشن کے عہدے سے فوری ہٹایا جائے۔
نور عالم خان نے مزید کہا کہ اگر اگلے اجلاس میں جاوید اقبال نہ آئے تو وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جاوید اقبال پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے بھی خواتین کی ہراسگی کے الزامات لگائے ہیں۔
واضح رہے کہ پی اے سی کے اجلاس میں جاوید اقبال پر ہراسگی کا الزام لگانے والی خاتون طیبہ گل بھی پیش ہوئیں جنہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ جاوید اقبال کہتے تھے میں ایک منٹ میں تمہاری زندگی تباہ کر سکتا ہوں، کسی دفتر میں تمہیں دیکھا تو تمہارے ٹکڑے جھنگ جائیں گے۔
طیبہ گل کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مجھے اور میرے شوہر فاروق کو گرفتار کروا دیا، مجھے مرد اہلکاروں کے ذریعے گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد لے جاتے ہوئے راستے میں مجھ سے گاڑی میں جو درندگی کی گئی، وہ میں نہیں بتا سکتی، مجھے ٹرانزٹ ریمانڈ کے بغیر لاہور لے جایا گیا۔
Comments are closed.